قرآن مجید انسانوں کی ہدایت کے لیے گزشتہ اقوام و افراد کی زندگی کے واقعات و حالات بیان کرتا ہے جو جگہ جگہ ہمارے لیے مشعل راہ ہیں ـ قران کا موضوع اور مقصد حکایات اور کہانیاں بیان کرنا نہیں بلکہ یہ مقصد یہ ہے کہ انسان کو اپنی عقل اور سمجھ استعمال کرتے ہوے نجات کی راہ کا انتخاب کیسے کرنا ہےـ
قرآن کا یہ سب واقعات کا بیان کرنا کہ اقوام کس طرح برباد ہوئیں، کیسے کیسے بادشاہوں کو خدا کے قہر کا نشانہ بننا پڑا اور کیسے کیسے خاک نشینوں کو اللّٰہ نے عزت عطا فرما کر تخت پیغمبری پہ جلوہ افروز کیا ، قرآن کا بنیادی مقصد انسان کو سبق سکھانا ہے جو اپنی آخرت کو بھولے بیٹھا ہے اور نیکی بدی میں تمیز نہیں کرتا ـ
قرآن مجید میں ایسے کئی معجزات کا ذکر ہے جو اللّٰہ نے اپنے پیغمبروں کو عطا فرماے تاکہ وہ انسانوں میں ممتاز ہونے کے ساتھ ساتھ انکو خدا کی خدائی اور وحدانیت کا یقین دلانے کے لیے تھے ـ مگر ہم جیسے انسانوں کے لیے اس میں فلاح کا یہی رخ پوشیدہ ہے کہ ہم ان واقعات کو پڑھ کر اپنی زندگی کو بہتر بنائیں ـ مختلف علماء نے ان سب واقعات و تاریخ کو مختلف طریقوں سے بیان کیا ہے مگر ہماری کوشش ہے کہ ان کو اتنی آسان اور سادہ فہم زبان میں لکھا جاے کہ بچوں سے لے کر بڑوں تک سب کے لیے دلچسپ ہو ـ