24 گھنٹے تک اثر رکھنے والی انسولین اب پاکستان میں بھی متعارف کروا دی گئی۔ انسولین ایک ہارمون ہے جسے انجکشن کے زریعے لگانے سے یہ ذیابیطس کے مریضوں میں شوگر کی سطح متوازن رکھنے کا کام کرتی ہے۔ عموماً ذیابیطس کے مریضوں کو دن میں 2 سے تین بار انسولین کی خوراک لینی پڑتی ہے جس کی وجہ سے دن بھر ان کی شوگر کی سطح متوازن رہتی ہے۔ حال ہی میں پاکستان میں ایک بہتر درجے کی انسولین، مشہور و معروف فارماسوٹیکل کمپنی ”سنوفی” کی جانب سے متعارف کروائی گئی ہے۔ یہ انسولین کی ایک ایسی قسم ہے جو 24 گھنٹوں تک انسانی جسم میں شوگر کی سطح برقرار رکھتی ہے۔ انسولین گلارجین یو300″ کراچی میں ہونے والی ایک تقریب میں عوام کو متعارف کروائی گئی ہے۔
یہ تقریب 25 جنوری بروز جمعہ ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں کراچی کے بڑے بڑے ڈاکٹروں نے بھی شرکت کی۔ یہ پراڈکٹ اب ڈاکٹروں کی تجویز پہ پورے پاکستان میں دستیاب ہوگی۔ ایک بیان کے مطابق یہ انسولین 2015 میں فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی طرف سے منظور کی گئی تھی اور امریکہ، کینیڈا، رشیا، جاپان اور انڈیا سمیت بہت سے ممالک میں متعارف کروائی جا چکی ہے۔
فارماسوٹیکل کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ انسولین دن اور رات کے اوقات میں شوگر کی سطح کو متوازن رکھتی ہے۔ اسکا فائدہ یہ ہے کہ پورا دن بار بار انسولین کی خوراک نہیں لینی پڑتی جس کی وجہ سے یہ ذیابیطس کے مریضوں میں خود اعتمادی پیدا کرنے میں مددگار ہوگی۔ اس تقریب میں ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے جلد ہی سانس کے ذریعے لینے والی انسولین بھی متعارف کروائی جائے گی۔