corona virus symptoms

کیا ہماری نسلوں کا وجود ختم ہو جائے گا؟ لمحہءفکریہ

اٹلی نے درست فیصلے کرنے میں کچھ وقت لیا جس کی پاداش میں انکو لاشیں اٹھانا پڑا – لاشیں دفناتے دفناتے  ملک میں زمین کم پڑ گئی – امدادی کارروائیوں کے لیے افرادی قوت کم پڑ گئی – ملک میں معیشت زوال پذیر اور جو کہ پہلے ہی متوسط معیار کی تھی، باقی بھی ہاتھ سے گئ – لوگوں کو ضروریات زندگی کے لیے وسائل تک دستیاب نہیں رہے، طبی سہولیات ہونے کے باوجود اس وبا کا ڈٹ کر مقابلہ نہیں کر سکے –

سوال یہ ہے کہ کیا پاکستانی قوم یہ سب جانتے ہوئے بھی اپنی روش اور طرز عمل نہیں بدلے گی کیونکہ قوم کا رویہ روز اول سے اس معاملے کی طرف بہت غیر سنجیدہ اور پریشان کن ہے – وبا اپنے تیسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہے مگر لاک ڈاؤن کو جہاں عوام نے غیر سنجیدگی سے لیا وہیں سوشل میڈیا پہ اس حوالے سے طنز و مزاح اور تنقید جاری ہے – سیلاب زلزلہ اور دیگر قدرتی آفات پر یکدم متحد ہو جائے والی ااسقوم کو جانے اس آفت کے موقع پر کیا ہوگیا ہے کہ اپنی نسلوں کی جان لینے پہ تلے ہیں – غیر ممالک میں جا کر قانون کی بہترین پاسداری کے ایوارڈ لینے والی اس قوم نے اپنے وطن میں تاریخ رقم کرنے کی ٹھان لی ہے کہ ہم پولیس، فوج اور دیگر سولین اداروں کی عوام کے لیے کی گئی خدمات و اقدامات کو ناکام بنا کر ہی دم لیں گے –

مورخ اس تاریخ کو ضرور رقم کرے گا کہ جب ملک کی اعلیٰ قیادت سے لے کر ادنی سول ملازم نے اپنی جانیں ہتھیلی پہ رکھ کر قوم کی بقا کی جنگ لڑی اور انکو اور انکی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر دیا اس وقت عوام صرف اور صرف حکومت کے حکم کی خلاف ورزی کر کے اسکی ہر اچھی کاوش کو ناکام بنانے کی ہر ممکن کوشش کرتی رہی – ایک طرف نام نہاد ناقدین حکومت کی پالیسیوں پر محض تنقید کر کر کے عوام کو سر کشی پر ابھار رہے ہیں تو دوسری طرف من کے سچے مسلمان جو مختلف مذہبی مسالک اور نقطہ نظر سے جذباتی وابستگی ہونے کی بنا پر اجتماعات کرنے سے نہیں رکنا چاہتے اور ای مقصد کے لیے دن رات ان حفاظتی اقدامات پر تنقید کرتے اور عوام کو ان پابندیوں کے خلاف ابھارنے میں مصروف ہیں –

ان سب طبقوں سے گزارش یہ ہے کہ خدا را اپنی نسلوں کو محفوظ بنانے کے لیے حکومتی مشینری کا ساتھ دیجیے – ہمیں زندہ رہنا ہے ایک بہتر اور درخشاں مستقبل کی خاطر، اپنے آپ کو اچھا بنانے کی خاطر، اپنی نسلوں کی ترقی کی خاطر، اپنے ملک کے نام کو زندہ رکھنے کی خاطر – ملک کی کم ترین وسائل کے ساتھ ہمارے ادارے ہمارے لیے کیا کچھ نہیں کر رہے – براہ مہربانی انکے ساتھ کچھ تعاون کر کے ثبوت دیجئے کہ ہم مہذب قوم ہیں ورنہ معاذاللہ اس ملک کا حشر اٹلی سے بھی براہوگا – ہم خدا ناخواستہ اپنی شناخت کھو جاییں گے اور آنے والے وقت میں ہمارے نام پر صرف ایک اندھیری تاریخ رقم کر دی جائے گی کہ یہ وہ قوم تھی جس نے مشکل وقت میں خود اپنے اوپر نسل در نسل موت مسلط کی یہاں تک کہ اسکا نام و نشان صفحہ ہستی سے مٹ گیا –

error: Content is protected !!